دینہ میں جسم فروشی کے اڈے پر پولیس کا چھاپہ، 3 خواتین سمیت 5 ملزمان گرفتار

دینہ میں پولیس نے جسم فروشی کے مکروہ دھندے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر شہر کے گردونواح میں موجود ایک گھر پر چھاپہ مار کر کی، جہاں مبینہ طور پر فحاشی اور جسم فروشی کا دھندا چلایا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواتین اور مردوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والی خواتین میں روبینہ سکنہ روہتاس روڈ حال مقیم مدینہ گلی دینہ، نجمہ شاہین سکنہ سومین اور شبانہ بی بی سکنہ حسن آبادی جہلم شامل ہیں۔
گرفتار مردوں میں رفاقت علی سکنہ ڈھوک علی سلطان اور سکنہ ڈھوک پیر سرکی دینہ سے تعلق رکھنے والے دو افراد شامل ہیں۔ پولیس نے ان تمام ملزمان کے خلاف دفعات 371-A اور 371-B کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دینہ میں اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جسم فروشی نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ نوجوان نسل کو اخلاقی پستی کی طرف دھکیلنے والا جرم بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ اسی شدت سے جاری رہے گا اور علاقے میں ایسے دھندوں کی کوئی گنجائش نہیں رہنے دی جائے گی۔



