پنجاب کی خواتین کیلئے بڑی خوشخبری، الیکٹرک گاڑیاں دینے کا فیصلہ

جہلم: پنجاب حکومت نے خواتین کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پہلی بار خواتین کو ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔
اس اقدام سے نہ صرف خواتین کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
صوبائی حکومت نے الیکٹرک ٹیکسی اسکیم کے ڈسٹریبیوشن فارمولے میں تبدیلی کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اب 100 الیکٹرک گاڑیاں خواتین کو بیلٹنگ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، 200 الیکٹرک گاڑیاں مرد ڈرائیورز کو ٹیکسی چلانے کے لیے دی جائیں گی۔
مزید برآں، کارپوریٹ ٹیکسی آپریٹرز کے لیے 800 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی ٹیکسی سروسز میں شامل کر کے ماحول دوست ٹیکسی نیٹ ورک کو فروغ دے سکیں۔ اس کے علاوہ 100 گاڑیاں شہریوں کو انفرادی طور پر فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے کاروبار یا روزمرہ کے کاموں کے لیے استعمال کر سکیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کمرشل ڈرائیورز کے لیے 1 ہزار گاڑیاں بلا سود فراہم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے، جس سے ڈرائیور مالی سہولت کے ساتھ گاڑی حاصل کر سکیں گے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ نئے فارمولے سے خواتین کے معاشی کردار کو مضبوط کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ خواتین کی ٹیکسی اسکیم میں شمولیت سے نہ صرف ان کی مالی حالت بہتر ہوگی بلکہ ان کے معاشی کردار کو بھی مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔



