ڈپٹی کمشنر جہلم کا صفائی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ، حکام کو کارکردگی بہتر بنانے کی سخت ہدایات

4
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے شہر میں صفائی ستھرائی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کو فوری اور سخت ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی نے واضح کیا کہ صفائی اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے سب سے پہلے الطاف پارک کا معائنہ کیا، جہاں زیر تعمیر پارک کے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باقی تمام تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہری بہتر تفریحی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
بعد ازاں ڈی سی نے کمیلہ روڈ اور گردونواح میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بلدیہ افسران اور صفائی عملے کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر بحال کیا جائے، بڑے نالوں کی صفائی فوری مکمل کی جائے اور شہر سے کچرا اٹھانے کے لیے بھاری مشینری کو پوری طرح فعال رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کالا گجراں قبرستان کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے قبرستان میں صفائی، جڑی بوٹیوں کے خاتمے اور راستوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا اور یقین دہانی کرائی کہ قبرستان کی بہتری اولین ترجیح ہے۔
ڈی سی نے سختی سے کہا کہ صفائی ستھرائی اور ترقیاتی کاموں کے معیار میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ زیرو ویسٹ ایکٹیویٹی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے، کچرا فوری طور پر ٹھکانے لگانے اور شہر کو صاف و شفاف رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔



