جہلم پولیس کے سب انسپکٹر چوہدری محمد شفیق انتقال کر گئے، سرائے عالمگیر میں سپرد خاک

جہلم/دینہ: پنجاب پولیس کے فرض شناس اور شریف النفس افسر سب انسپکٹر چوہدری محمد شفیق حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں کھرکا تھانہ صدر سرائے عالمگیر ضلع گجرات میں ادا کی گئی، جہاں پولیس افسران، اہلکاروں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں ڈی ایس پی انویسٹیگیشن محمد ابراہیم وڑائچ، ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ، ایڈمن آفیسر سمیت متعدد پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔ مرحوم کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور ان کے ایصالِ ثواب، بلندیِ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعائیں مانگی گئیں۔

سب انسپکٹر چوہدری محمد شفیق گزشتہ روز دورانِ ڈیوٹی ڈی پی او آفس جہلم میں موجود تھے کہ انہیں اچانک ہارٹ اٹیک ہوا۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا، بعد ازاں ہارٹ سنٹر جہلم لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی عمر تقریباً 52 برس تھی۔

سب انسپکٹر چوہدری محمد شفیق نے 25 سال تک پنجاب پولیس میں ایمانداری، دیانت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ خدمات سرانجام دیں۔ وہ نہایت ملنسار، نرم دل اور فرض شناس پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹر محمد شفیق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ ایک ذمہ دار اور محنتی پولیس آفیسر تھے، ہم ان کی اگلی منزلوں کی آسانی کے لیے دعاگو ہیں۔

مرحوم کی میت کو نمازِ جنازہ کے بعد ان کے آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button