ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی۔ سید حمزہ کرمانی، چوہدری ہارون، سید حسن زیدی

20
جہلم: ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی، افواجِ پاکستان ملک کی محافظ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نے تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔
ان خیالات کا اظہار جہلم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق امیدوار قومی اسمبلی سید حمزہ کرمانی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ہارون اور ممبر ضلعی امن کمیٹی سید حسن زیدی نے جہلم پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان ملک کی حقیقی محافظ ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدے کے لیے ریاست اور افواج پر تنقید کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے اور عسکری قیادت پر تنقید ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے عوامی سطح پر اس بات پر زور دیا کہ قوم ہمیشہ اپنے بہادر فوجیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ایسے رویے کو مسترد کرے گی جو ریاست اور افواج کے خلاف ہو۔ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کسی بھی انتشار یا داخلی فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور انتشار اور فساد کی سیاست نے ماضی میں ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اور قوم قومی مفاد، سلامتی اور استحکام کے لیے متحد رہنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔



