سوہاوہ میں کار اور موٹرسائیکل کے مابین خوفناک حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان بھی چل بسا

سوہاوہ میں کار اور موٹرسائیکل کے مابین خوفناک حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان بھی چل بسا، نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے نواحی علاقے چنجلوٹ اسٹاپ پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا دوسرا نوجوان بھی دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق نوجوانوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ دونوں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں رسول پور میں ادا کر دی گئی، جہاں سوگ کا سماں رہا۔

تین روز قبل کار نمبر FY-337 اور موٹر سائیکل نمبر CTQ-89 کے درمیان زوردار تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار آفاق مشتاق ولد محمد مشتاق سکنہ رسول پور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا تھا، جبکہ اس کے دو دوست زین رازق ولد محمد رازق اور عاقب مدثر ولد محمد مدثر شدید زخمی ہو گئے تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش و زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی منتقل کیا گیا، جہاں سے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم ریفر کر دیا گیا۔ تاہم شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زخمی نوجوان زین رازق بھی اگلے روز ہسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ تیسرے دوست عاقب مدثر زیرِ علاج ہے۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان آفاق مشتاق کی پانچ روز قبل ہی شادی ہوئی تھی، جس کے باعث گھر میں خوشیوں کا ماحول ماتم میں تبدیل ہو گیا۔ دونوں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں رسول پور میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری شخصیات سمیت اہلِ علاقہ، دوست احباب اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حادثے کے بعد علاقے میں غم اور سوگ کی فضا قائم ہے اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button