اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات اور نظم و ضبط کا جائزہ لیا

8
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے ڈی ایچ کیو (DHQ) ہسپتال جہلم کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لینا اور انتظامی امور کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور عملے کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کی روشنی میں انہوں نے ادویات کی دستیابی اور سٹاک کا باریک بینی سے جائزہ لیا، تاکہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
دورے کے دوران ہسپتال کے وارڈز اور واش رومز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے وہاں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات بھی کی اور ان سے ہسپتال کے عملے کے رویے اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے اپنے مسائل بیان کیے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود ہسپتال انتظامیہ کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے سخت ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے ہسپتال انتظامیہ کو واضح طور پر خبردار کیا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے عملے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور شہریوں کو بہترین علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔



