بیوٹی فکیشن منصوبے میں سستی برداشت نہیں ہوگی، اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر

سوہاوہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے شہروں کی خوبصورتی کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مین بازار سوہاوہ کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کا مقصد بیوٹی فکیشن سکیم کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے بازار میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے معیار اور رفتار کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے بیوٹی فکیشن سکیم پر مامور ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت کی کہ کام کی رفتار فوری طور پر تیز کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے افرادی قوت میں اضافہ کر کے منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولتیں میسر آ سکیں۔

ترقیاتی کاموں کے معائنے کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے طور پر بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹیں چیک کیں اور دکانداروں کو پابند کیا کہ حکومتِ پنجاب کے مقرر کردہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بنائیں۔ گراں فروشی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی اور خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی سے آگاہ کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوام کو سستی و معیاری اشیاء کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، جس کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو بازار میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ بیوٹی فکیشن منصوبے کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

انتظامیہ نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی سربراہی میں مارکیٹ کے حالات اور ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button