ماہِ مقدس میں سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے ضلع جہلم میں تیاریاں شروع

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ماہِ مقدس کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلع جہلم میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران رمضان سہولت بازاروں کے قیام اور قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کے لیے جامع حکمتِ عملی طے کی گئی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں قائم کیے جانے والے رمضان سہولت بازاروں میں چینی، آٹا، گھی، پھلوں اور سبزیوں کی وافر مقدار میں دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے پیرا فورس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے، تاکہ مصنوعی مہنگائی کا بروقت سدِباب ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ رمضان سہولت بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں بھی اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ماہِ مقدس کے دوران عام آدمی کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور تجاوزات میں ملوث عناصر کے خلاف پیرا فورس بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی کرے گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ جیل بھیجا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رمضان المبارک میں شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس مقصد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button