اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد کا دینہ مارکیٹ کا تفصیلی دورہ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے دینہ مارکیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور خود ساختہ مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لانا تھا۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے کریانہ سٹورز، سبزی و پھل فروشوں اور دیگر دکانوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کیے اور کئی دکانوں کو وارننگ جاری کی تاکہ صارفین کو سرکاری نرخوں پر اشیاء مل سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی واضح ہدایات ہیں کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو سکے۔



