پنجاب نیشنل موومنٹ کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

جہلم: پنجاب نیشنل موومنٹ کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک شاندار اور پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں شہر کی سماجی، فلاحی، رفاہی، مذہبی، کاروباری، شہری اور صحافتی تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی میجر اکرم شہید نشانِ حیدر کی یادگار سے شروع ہو کر شاندار چوک تک پہنچی اور دوبارہ میجر اکرم شہید کی یادگار پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران فضا “کشمیر بنے گا پاکستان”، “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور “پاک فوج زندہ باد” جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، جس سے شہر میں جذبۂ یکجہتی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شہر کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت راجہ حارث خان نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر محض ایک علامتی دن نہیں بلکہ پاکستان کے قومی شعور میں ایک زندہ، متحرک اور مسلسل عہد کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اُس وعدے کی یاد دہانی ہے جو پاکستان نے اپنے قیام کے اولین لمحوں میں کشمیر کے غیور، نڈر اور بہادر عوام سے کیا تھا، اور سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ریاستِ پاکستان اور اس کے عوام آج بھی اس وعدے پر قائم ہیں۔
مقررین نے کہا کہ 5 فروری کو منایا جانے والا یومِ یکجہتی کشمیر اس حقیقت کا واضح اعلان ہے کہ عالمی سیاست کے بدلتے رجحانات اور علاقائی کشمکش کے باوجود کشمیر پاکستان کے قومی بیانیے اور نظریاتی اساس کا مرکزی جزو ہے، اور اس مسئلے کو نہ کبھی فراموش کیا گیا ہے اور نہ ہی کیا جا سکتا ہے۔
جہلم کے معروف سینئر صحافی اور ممبر جہلم پریس کلب بلال رضا نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی بیان “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک جذباتی جملہ نہیں بلکہ ایک مکمل ریاستی ویژن اور اسٹریٹجک سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیمِ ہند کے اصولوں اور برصغیر کی مسلم اکثریتی ریاستوں کے تناظر میں کشمیر کا پاکستان سے تعلق واضح اور فطری ہے۔
ریلی کے اختتام پر مقررین نے نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے، جبکہ کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔



