جہلم: چوری اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث آیانو گینگ کے دو ملزمان گرفتار

جہلم: پولیس نے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک اور اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث آیانو گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے عمل میں لائی۔ پولیس نے خفیہ اطلاع اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 7 ہزار 500 روپے نقدی، ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ، موبائل فون اور بجلی کی تاریں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے مالِ مسروقہ کی مجموعی مالیت ایک لاکھ 65 ہزار 500 روپے بنتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ان کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔



