اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ کا جی ٹی روڈ کا معائنہ، صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے جی ٹی روڈ پر صفائی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) جہلم کے فیلڈ عملے کی حاضری اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے عمل کا جائزہ لیا۔
فوجی مل گراؤنڈ اور آشیانہ کے قریب صفائی کی ناقص صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر گندگی کے ڈھیر ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔ موقع پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں تاکہ ان حساس مقامات پر دوبارہ کوڑا جمع نہ ہو اور جی ٹی روڈ کے اطراف صفائی کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے آر ڈبلیو ایم سی حکام کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنایا جائے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ ’صاف ستھرا جہلم‘ مہم کے تحت ضلع بھر میں مثالی صفائی کے لیے سرگرم عمل ہے۔



