انتظامیہ ضلع بھر میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے متحرک ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ماہِ مقدس میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مشین محلہ نمبر 2 کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کا مقصد وہاں قائم کیے جانے والے رمضان سہولت بازار کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا تاکہ رمضان المبارک کی آمد پر عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بازار کے لیے مختص جگہ پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ بازار کے نقشے اور سٹالز کی ترتیب کو اس طرح حتمی شکل دی جائے کہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں، بالخصوص بزرگوں اور خواتین کو آرام دہ ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ رمضان سہولت بازار میں معیار اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ ضلع بھر میں ریلیف کی فراہمی کے لیے متحرک ہے۔ عوام کو ان کی دہلیز پر سستی اشیاء فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل تمام انتظامات مکمل طور پر فعال ہو سکیں اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔



