رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان کا ایک نہایت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور شہریوں کو مصنوعی مہنگائی سے بچانا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوامی مفاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ترین پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں کو باور کرایا کہ تمام دکاندار مقررہ سرکاری نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں تاکہ عام شہریوں کو حقیقی ریلیف میسر آ سکے۔

میر رضا اوزگن نے مرچنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی برقرار رکھی جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو خریداری میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت تیار ہے تاکہ سپلائی چین متاثر نہ ہو اور کاروباری سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رہیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی یا سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں دکانیں سیل کر دی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جو دکاندار نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کرے گا، اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے۔

اجلاس کے اختتام پر مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button