ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صدر کا حلف اٹھا لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی یہ باوقار تقریب ڈی سی آفس جہلم میں منعقد ہوئی، جہاں صوبائی سیکرٹری بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن طارق قریشی نے ان سے حلف لیا۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری طارق قریشی نے بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی اہمیت، مقاصد اور تنظیمی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسکاؤٹنگ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی کردار سازی، نظم و ضبط کی تربیت اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانا ہے تاکہ وہ معاشرے اور ملک کی بہتر خدمت کر سکیں۔
حلف برداری کے بعد نوجوان اسکاؤٹس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ اسکاؤٹس معاشرے کے نہایت مفید اور ذمہ دار شہری ہوتے ہیں جو جنگ ہو یا امن، ہر حالت میں بلا معاوضہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ان نوجوانوں کو دیکھ کر فخر محسوس ہو رہا ہے جو ملک کی خدمت کے عظیم مقصد کے لیے باقاعدہ تربیت حاصل کر رہے ہیں، کیونکہ یہی نوجوان ہمارا مستقبل اور قومی سرمایہ ہیں۔
تقریب میں سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی سمیت دیگر اعلیٰ ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جہلم کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔



