مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، ایس پی سکندر گوندل

جہلم: ایس پی انویسٹیگیشن جہلم محمد سکندر گوندل نے ایسٹر کے موقع پر ضلع بھر کے مختلف چرچز، عبادت گاہوں اور حساس مقامات کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران متعلقہ ایس ایچ اوز اور پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے چرچز کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں اور سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی چیکنگ کی۔
ایس پی انویسٹیگیشن نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ہمہ وقت الرٹ رہیں، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور سیکیورٹی کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے باڈی کیمروں کے مؤثر استعمال، داخلی راستوں پر مکمل چیکنگ اور خواتین و بچوں کے لیے علیحدہ انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے اور ایلیٹ فورس و محافظ اسکواڈ کے ساتھ مربوط رابطہ رکھا جائے، جبکہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور عبادت کے لیے آنے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
دوسری جانب ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں ایسٹر کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کے تحت تقریباً 400 پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ایلیٹ فورس اور محافظ اسکواڈ بھی ہائی الرٹ ہیں۔
چرچز کے اطراف ناکہ بندی، چیکنگ اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ عبادت گاہوں میں داخلے کے لیے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور مکمل باڈی سرچ کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



