اسلامی اصولوں سے دوری ہی موجودہ مسائل کی اصل وجہ ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ اگر ہم اسلامی اصولوں پر قائم رہتے تو آج ہم مظلوم نہیں بلکہ عادل ہوتے اور مظلوموں کو انصاف دلانے کا ذریعہ بنتے۔
شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انسانی جسم کو روزانہ صفائی کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح روح بھی آلودہ ہو جاتی ہے اور دلوں پر زنگ لگ جاتا ہے، جس کی صفائی کے لیے اللہ کا ذکر ضروری ہے۔ جب دل میں حضور نبی کریم ﷺ کی کیفیات پیدا ہوتی ہیں تو انسان صراطِ مستقیم پر آ جاتا ہے اور نفس کو برائی سے روکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ گھریلو نظام کا کمزور ہونا ہے۔ گھر کی نشست ختم ہو چکی ہے اور بچوں کو تنہا چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ غیر مناسب مواد اور بیرونی اثرات کا شکار ہو رہے ہیں۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے نماز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر نماز کو پورے اہتمام کے ساتھ ادا کیا جائے تو انسان کی پریشانیاں کم ہو جاتی ہیں اور اللہ کی خصوصی رحمت نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائز وسائل اختیار کیے جائیں، اللہ سے عافیت مانگی جائے، شکرگزاری کی جائے اور توکل کیا جائے تو اللہ تعالیٰ کبھی محروم نہیں فرماتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے موجودہ حالات دراصل ہمارے اپنے اعمال کا نتیجہ ہیں۔ اگر ہم اپنی اصلاح کریں اور اسلامی اصولوں پر عمل کریں تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام لگانے کے بجائے ہمیں اپنے کردار کا جائزہ لینا چاہیے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔
واضح رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان رواں ماہ روحانی تربیت کے سلسلے میں برطانیہ کا دورہ کریں گے، جہاں مختلف شہروں میں “سراجا منیرا کانفرنسز” کا انعقاد کیا جائے گا اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔



