ون ڈش ایکٹ؛ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا تحصیل بھر کے مختلف میرج ہالز کا اچانک معائنہ

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل بھر کے مختلف میرج ہالز کا اچانک معائنہ کیا، جس کا مقصد ون ڈش ایکٹ اور سرکاری اوقات کار پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف شادی تقریبات میں کھانے کے مینیو کا جائزہ لیا اور ون ڈش کی پابندی کو چیک کیا، جہاں کسی بھی میرج ہال میں خلاف ورزی سامنے نہیں آئی۔
انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی ہدایات پر میرج ہالز کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور غیر ضروری اسراف کی حوصلہ شکنی ہو۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہال مالکان اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مقررہ اوقات کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ون ڈش ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے چیکنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



