اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا یونین کونسل اور بی ایچ یو پھلڑے سیداں کا دورہ، صفائی و طبی سہولیات کا جائزہ لیا

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت یونین کونسل پھلڑے سیداں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں صفائی ستھرائی کے انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے گھروں کی دہلیز پر جا کر شہریوں سے براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا، جس پر عوام نے صفائی کے موجودہ نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ اس معیار کو برقرار رکھا جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق "ستھرا پنجاب” مہم کو نچلی سطح تک کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) پھلڑے سیداں کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں حاضری رجسٹر چیک کیا گیا اور میڈیکل آفیسر سمیت تمام عملہ ڈیوٹی پر موجود پایا گیا۔
ادویات کے اسٹاک کا جائزہ لیتے ہوئے ایمرجنسی اور او پی ڈی لسٹ کے مطابق دستیابی کو رینڈم چیک کیا گیا، جو تسلی بخش رہی اور ادویات وافر مقدار میں موجود پائی گئیں۔ الٹرا ساؤنڈ مشین بھی فعال حالت میں کام کرتی ہوئی پائی گئی۔
بی ایچ یو کے اندر صفائی کی صورتحال بہتر تھی تاہم بیرونی حصے میں بہتری کی ضرورت محسوس کی گئی، جس پر فوری ہدایات جاری کی گئیں۔ واش رومز صاف پائے گئے، البتہ ایک واش روم میں سینیٹائزر کی کمی نوٹ کی گئی جسے فوری فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مریضوں سے سہولیات کے حوالے سے فیڈبیک بھی حاصل کیا، جس پر عوام نے مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ صحت اور صفائی کے شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات مسلسل جاری رہیں گے۔



