البیرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان میں منی جنگل کا منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا

پنڈدادنخان: البیرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان میں شجرکاری مہم کے تحت شروع کیا گیا منی جنگل کا منصوبہ اب تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے، جو ماحول دوست اقدام کے طور پر ایک نمایاں مثال بن رہا ہے۔

2025 کی شجرکاری مہم کے آغاز پر چند پودے لگانے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم یہ سوچ جلد ہی ایک بڑے وژن میں تبدیل ہو گئی۔ اس کامیاب منصوبے کے پیچھے پروفیسر نیاز اعوان کی دور اندیشی اور رہنمائی کا کلیدی کردار ہے، جنہوں نے محدود شجرکاری کے بجائے ایک مکمل منی جنگل قائم کرنے کی تجویز دی۔

اس مشن میں "سرسبز تحصیل پنڈدادنخان” ٹیم کے متحرک رکن اور "چوز ہیپینس فاؤنڈیشن” کے بانی سعید احمد نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے ذریعے پودوں کی فراہمی کو یقینی بنایا اور عملی اقدامات کے ذریعے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

پروفیسر نیاز اعوان نے منصوبے کے لیے زمین کی تیاری کروائی اور محکمہ جنگلات سے مزید پودوں کے حصول کے لیے رابطہ بھی کیا، جس کے نتیجے میں باہمی تعاون سے کالج میں ایک خوبصورت منی جنگل قائم کیا جا رہا ہے۔

یہ اقدام نہ صرف ماحول کی بہتری کے لیے اہم سنگ میل ہے بلکہ طلبہ اور معاشرے کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تقلید مثال بھی ہے۔ کالج انتظامیہ، پروفیسر نیاز اعوان اور سعید احمد کی کاوشوں کو تعلیمی و سماجی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔

منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایسے ماحول دوست منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button