ضلع جہلم میں گندم پیداوار مقابلہ کامیابی سے مکمل، محمد اعظم 68 من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ پہلے نمبر پر

سوہاوہ/جہلم: ضلع جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب گندم پیداوار مقابلہ برائے سال 2025-26 ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) ڈاکٹر ادریس محمد خان کی زیر نگرانی کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
مقابلے کا انعقاد شفاف اور منظم انداز میں کیا گیا، جس کا مقصد کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی، جدید زرعی طریقہ کاشت کو فروغ دینا اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کسانوں کو سراہنا تھا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) ڈاکٹر ادریس محمد خان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی پوزیشن 68 من فی ایکڑ گندم پیداوار کے ساتھ موضع ہتھیا دھمیال، تحصیل سوہاوہ کے زمیندار محمد اعظم نے حاصل کی۔
دوسری پوزیشن 45 من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ موضع دھریالہ جالپ، تحصیل پنڈدادنخان کے زمیندار محمد رمضان کے نام رہی، جبکہ تیسری پوزیشن 44 من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ گاؤں جنڈالہ، تحصیل سوہاوہ کے زمیندار اللہ دتہ نے حاصل کی۔
محکمہ زراعت کے مطابق کامیاب کسانوں کو پہلی پوزیشن پر 10 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 8 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن پر 6 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مقابلے سے کسانوں میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے گندم کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا، جو ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔



