سوہاوہ میں پٹرولنگ پولیس نے چوری کی واردات ناکام بنا دی، 2 چور گرفتار، قیمتی سامان برآمد

سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چوری کی واردات ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب گشت کے دوران پٹرولنگ پولیس نے دو مشکوک افراد کو روک کر پوچھ گچھ کی، جس پر ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے سوہاوہ کے محلہ چوہدری یوسف میں پروفیسر الفت ستار کے گھر سے لیپ ٹاپ اور موبائل چوری کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مزید انکشاف کرتے ہوئے سوہاوہ میں ہونے والی متعدد چوری کی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا، جن میں ملک وحید کی الیکٹرانکس شاپ، دانش ٹریڈر اور تقریباً دو سال قبل عدنان آٹو ورکشاپ میں ہونے والی چوری بھی شامل ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر وارداتوں میں چھینا گیا مال بھی برآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہریوں کی جانب سے یہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ تھانہ سوہاوہ پولیس اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے مزید برآمدگیاں یقینی بنائے گی اور گزشتہ عرصہ میں ہونے والی وارداتوں کا بھی مکمل سراغ لگایا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



