دینہ میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر، ناقص اور مہنگا گوشت فروخت ہونے لگا، شہری پریشان

دینہ شہر اور گردونواح میں قصابوں کی مبینہ لوٹ مار اور من مانیوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ناقص، غیر معیاری اور پانی ملا گوشت مہنگے داموں فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ متعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
دینہ میں منگلا روڈ، ریلوے روڈ اور دیگر علاقوں میں قائم گوشت کی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ریٹ مقرر ہونے کے باوجود قصاب اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
شکایات کے مطابق بڑا گوشت (گائے کا گوشت) 1200 روپے فی کلو جبکہ چھوٹا گوشت (بکرے کا گوشت) 2400 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس پر شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ مہنگے داموں گوشت فروخت کیے جانے کے باوجود معیار انتہائی ناقص ہے اور بعض مقامات پر پانی ملا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض قصاب بیمار جانوروں کا گوشت بھی گھروں میں ذبح کر کے فروخت کر رہے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سب کچھ دیکھنے کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کر رہی، جس کے باعث قصابوں کی من مانیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں اور سرکاری نرخوں پر معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



