جہلم میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

جہلم میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی علی الصبح جہلم شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے نتیجے میں کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور خوشگوار موسم کا خیرمقدم کیا۔

بارش کے دوران بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

دوسری جانب بارش کے باعث آئیسکو سرکل جہلم کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔

بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موسم میں خوشگوار تبدیلی نے گرمی سے نڈھال عوام کو کافی حد تک ریلیف فراہم کیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ بارش نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا ہے اور موسم میں ٹھنڈک پیدا ہونے سے روزمرہ معمولات میں آسانی محسوس ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بھی مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان موجود ہے، جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button