موٹر سائیکل و رکشہ چوری میں ملوث "زیبی گینگ” کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

جہلم پولیس نے موٹر سائیکل اور رکشہ چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحرک زیبی گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاعات اور جدید تفتیشی طریقہ کار کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل اور رکشہ چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث زیبی گینگ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو چوری شدہ رکشے اور ایک چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ چوری کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور انہیں ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ عدالت میں پیش کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر املاک چوری کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



