بڑاگواہ میں فٹنس کیمپ کا انعقاد، 130 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کی رجسٹریشن

سوہاوہ: بڑاگواہ کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، کھیلوں کے فروغ اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک شاندار فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے 130 سے زائد نوجوانوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنی رجسٹریشن کروائی۔

جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے میں منعقدہ فٹنس کیمپ میں علاقائی اور کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ مہمانانِ خصوصی میں فوق شیرباز، شہزاد الحق، چوہدری شاہنواز جٹ، چوہدری منیب گجر (ہاکی لیجنڈ)، یاسر بٹ (سابق کبڈی اسٹار) اور محمد یاسر شامل تھے۔

مہمانوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ناگزیر ہے۔

یہ فٹنس کیمپ جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ کے سرپرستِ اعلیٰ شیر زمان کیانی اور بانی و چیئرمین پہلوان محمد احسان شیر کیانی کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا۔ کیمپ کے آغاز پر ہیڈ کوچ استاد عامر جاوید کیانی کو روایتی پگڑی پہنا کر ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے نامور پہلوانوں اور اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن میں پہلوان عبدالرحمن کیانی، پہلوان عدیل کیانی، پہلوان اجمل کیانی، پہلوان خرم کیانی، استاد افضال اور پہلوان جمشید شامل ہیں۔

تقریب کے دوران سپر اسٹار کرکٹر راجہ رستم کیانی نے کھیلوں کے میدان کو درپیش سفری اور انتظامی مسائل سے مہمانوں کو آگاہ کیا، جس پر مختلف شخصیات نے فوری تعاون کا اعلان کیا۔

فوق شیرباز نے کرکٹ کے فروغ کے لیے تمام ضروری کھیلوں کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ شہزاد الحق اور رانا یاسر نے مشترکہ طور پر گراؤنڈ میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے اپنے خرچے پر بورنگ کروانے کا اعلان کیا۔

ثقافتی شخصیت راجہ عظمت کیانی (اپنا کٹاری چینل) نے گراؤنڈ کو سرسبز بنانے اور کھلاڑیوں کے لیے سایہ فراہم کرنے کی غرض سے شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر رجسٹریشن کروانے والے تمام نوجوانوں کو مکمل اسپورٹس کٹس فراہم کرنے اور ہر سال ایک بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نوجوانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ میزبان پہلوان محمد احسان شیر کیانی نے تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی فلاح اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button