جہلم کے سرکاری اسپتالوں میں بخشیش کلچر کے خاتمے کے دعوے عملی شکل اختیار نہ کر سکے

جہلم: ضلع جہلم سمیت چاروں تحصیلوں کے سرکاری اسپتالوں میں "بخشیش کلچر” کے خاتمے کے سرکاری دعوے تاحال عملی طور پر کامیاب ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے سرکاری اسپتالوں میں خصوصاً لیبر رومز سے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں جہاں بعض اہلکاروں کی جانب سے بچے یا بچی کی پیدائش کے موقع پر لواحقین سے بخشیش طلب کیے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خوشی کے ان مواقع پر بعض افراد اہل خانہ کو نفسیاتی دباؤ میں لا کر رقم دینے پر مجبور کرتے ہیں، جس سے غریب اور سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض شعبوں میں آج بھی مریضوں اور ان کے لواحقین سے مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے بخشیش یا اضافی رقم طلب کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس سے نہ صرف عوام مالی مشکلات کا شکار ہیں بلکہ محکمہ صحت کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ بعض آپریشن تھیٹرز اور دیگر حساس شعبوں میں تعینات چند اہلکاروں کے رویے اور غیر ضروری مطالبات عوامی شکایات کا باعث بن رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرپشن اور رشوت ستانی کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم بعض عناصر کی جانب سے مبینہ طور پر ان پالیسیوں کی خلاف ورزی محکمہ صحت کی نیک نامی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں کے مطابق سرکاری اسپتالوں کا بنیادی مقصد عوام کو بلاامتیاز اور باعزت طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، لہٰذا کسی بھی قسم کی غیر قانونی رقم وصولی یا نامناسب رویہ قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔

شہریوں، سماجی تنظیموں اور مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، صوبائی وزیر صحت اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں بخشیش اور مبینہ رشوت ستانی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، متعلقہ شعبوں کی نگرانی مزید سخت کی جائے اور اگر کسی اہلکار کے خلاف شکایت ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتالوں میں شکایات کے مؤثر نظام کو فعال بنایا جائے تاکہ مریض اور ان کے لواحقین بلاخوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں اور عوام کو شفاف، باوقار اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button