این ڈی ایم اے نے آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا

جہلم: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کی موسمی پیشگوئی کی روشنی میں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کے لیے اہم موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق 11 جون سے 13 جون 2026 کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرد آلود طوفان، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ایک ویسٹرلی ڈسٹربنس (مغربی ہواؤں کا سلسلہ) اور بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کریں گی، جس کے نتیجے میں موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ پنجاب، اسلام آباد اور دیگر میدانی علاقوں میں آندھی اور تیز بارشوں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ شدید بارشوں اور آندھی کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، درختوں اور سائن بورڈز کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حتی الامکان محفوظ مقامات پر رہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آندھی اور طوفان کے دوران کھلے مقامات، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔
مزید برآں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور پانی کے بہاؤ کے قریب جانے سے گریز کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ کسانوں کو بھی اپنی فصلوں، باغات اور زرعی آلات کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں بشمول پی ڈی ایم اے، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (ڈی ڈی ایم اے) اور دیگر ہنگامی امدادی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ادارے کی جانب سے عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے متعلق مستند معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔



