پنڈدادنخان میں ریسکیو 1122 کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دریائے جہلم میں موک ایکسرسائز

پنڈدادنخان: ممکنہ سیلابی صورتحال اور مون سون سیزن کے پیش نظر ریسکیو 1122 پنڈدادنخان کی جانب سے دریائے جہلم کے کنارے ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت، مؤثر اور منظم ریسپانس کو یقینی بنانا اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا عملی جائزہ لینا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت کی زیر نگرانی ریسکیو انچارج پنڈدادنخان ارشد بلوچ کی معیت میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ موک ایکسرسائز کے دوران دریائے جہلم میں فرضی امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
مشق کے دوران کشتیوں کی مدد سے پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ڈوبنے والے افراد کو ریسکیو کرنے اور انہیں فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے مختلف مراحل کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سرچ اینڈ ریسکیو، ایمرجنسی رسپانس، انخلا اور متاثرین کی محفوظ منتقلی کے طریقہ کار پر بھی عملی مشقیں کیں۔
اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں نے جدید ریسکیو آلات، حفاظتی سامان اور ایمرجنسی آپریشنز میں استعمال ہونے والی مشینری کے استعمال کا بھی عملی جائزہ پیش کیا۔ شرکاء کو سیلابی صورتحال میں درپیش ممکنہ چیلنجز اور ان سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اہلکاروں کو ہنگامی حالات میں فوری کارروائی کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی مشقوں کا بنیادی مقصد ادارے کی استعداد کار کو مزید بہتر بنانا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
موک ایکسرسائز میں مختلف ریسکیو یونٹس، محکمہ صحت، مقامی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور ہنگامی حالات میں باہمی رابطہ کاری کے نظام کا جائزہ لیا۔
ریسکیو 1122 کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی پانی کے بہاؤ والے علاقوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ موک ایکسرسائز اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ریسکیو 1122 اور متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ قدرتی آفت یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار، متحرک اور الرٹ ہیں۔



