جہلم: محرم الحرام صبر، ایثار، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ قاری جہانگیر احمد

جہلم: معروف مذہبی شخصیت قاری جہانگیر احمد نے کہا ہے کہ محرم الحرام صبر، ایثار، امن، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ یہ مقدس مہینہ ہمیں تمام اختلافات بھلا کر محبت، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قاری جہانگیر احمد نے کہا کہ محرم الحرام کا حقیقی پیغام انسانیت، امن، برداشت اور باہمی احترام ہے، جسے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے عقائد اور نظریات کا احترام کرنا چاہیے اور باہمی تعاون کے ذریعے اتحاد و اتفاق کی فضا کو مضبوط بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سبیلوں اور لنگر کا اہتمام، عزاداروں سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد میں نیاز تقسیم کرنا محبت، اخوت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ایسے اقدامات معاشرے میں بھائی چارے اور باہمی احترام کے جذبے کو مضبوط کرتے ہیں۔
قاری جہانگیر احمد نے مزید کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی ہمیں حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے، ایثار و قربانی کا جذبہ اپنانے، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں صبر، تحمل، برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دیتے ہوئے ملک میں امن، محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کیا جائے تاکہ ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔



