للِہ تا جہلم روڈ دو رویہ منصوبہ; بجلی کی لائنوں کی منتقلی، متعدد فیڈرز پر عارضی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری

جہلم: للِہ انٹرچینج تا جہلم روڈ کو دو رویہ بنانے کے ترقیاتی منصوبے کے تحت بجلی کی لائنوں کی منتقلی کے باعث متعدد فیڈرز پر عارضی بجلی بندش کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ بندش سڑک کی توسیع، بجلی کی لائنوں کی محفوظ منتقلی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ناگزیر ہے۔
اعلامیے کے مطابق 4 جولائی 2026 سے روزانہ صبح 6:00 بجے سے 10:00 بجے تک متاثرہ فیڈرز پر بجلی عارضی طور پر بند رہے گی۔ اس دوران متعلقہ محکموں کی ٹیمیں لائن شفٹنگ کا کام انجام دیں گی تاکہ ترقیاتی منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔
عارضی بجلی بندش سے متاثر ہونے والے فیڈرز میں 11 کے وی عبداللہ پور، 11 کے وی شاہ پور، 11 کے وی جلال پور، 11 کے وی سی ڈبلیو او، 11 کے وی دھریالہ جالپ اور 11 کے وی ڈفر فیڈر شامل ہیں۔ یہ شیڈول مسری موڑ سے پنن وال تک منصوبے کے متعلقہ حصے پر جاری تعمیراتی کاموں کے باعث نافذ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ جہلم نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی بندش کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے روزمرہ امور کے لیے پیشگی انتظامات کر لیں تاکہ انہیں کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمے عوامی مشکلات کو کم سے کم رکھنے، بجلی کی محفوظ اور بروقت بحالی اور ترقیاتی منصوبے کی معیاری تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔




