جہلم میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

جہلم: ضلع جہلم میں شدید گرمی اور حبس کے دوران طویل غیر اعلانیہ بجلی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی کی بار بار اور طویل بندش کے باعث گھریلو زندگی، کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ شہری شدید ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی مسلسل بندش اور وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید گرمی، حبس اور بلند درجہ حرارت کے باعث بزرگ شہری، خواتین، معصوم بچے اور بیمار افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی نہ ہونے کے باعث گھروں میں پنکھے، ایئر کنڈیشنرز، واٹر کولرز اور دیگر برقی آلات بند رہتے ہیں، جس سے شہری رات بھر جاگنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ بازاروں، دکانوں اور چھوٹے کاروباروں کو بھی مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماہانہ بھاری بھرکم بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود انہیں بلا تعطل بجلی کی سہولت میسر نہیں آ رہی۔

متاثرہ شہریوں نے مزید شکایت کی کہ بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی کے باعث برقی آلات کے خراب ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ بار بار بجلی کی بندش سے عوام شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر توانائی، چیئرمین واپڈا، چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے، بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور شدید گرمی کے موسم میں عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button