والدین شدید گرمی میں بچوں کی جلد کا خصوصی خیال رکھیں، ڈاکٹر نعیم غفار چوہدری

جہلم: ڈاکٹر نعیم غفار چوہدری نے والدین، خصوصاً ماؤں پر زور دیا ہے کہ شدید گرمی اور سورج کی تیز شعاعوں سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ انہیں جلدی امراض اور گرمی کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔
جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم کے شعبہ اطفال کے انچارج ڈاکٹر نعیم غفار چوہدری نے کہا کہ گرمی کے موسم میں براہِ راست دھوپ میں زیادہ دیر تک رہنے سے بچوں کی جلد پر سن برن، ہیٹ ریش، خارش اور دیگر جلدی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ بچوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ لے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو سن اسکرین کا استعمال، بچوں کو مناسب مقدار میں پانی پلانا، جلد کو صاف ستھرا رکھنا اور ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنانا گرمی کے مضر اثرات سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر نعیم غفار چوہدری نے مزید کہا کہ اگر کسی بچے کی جلد پر سرخی، شدید خارش، چھالے یا دیگر غیر معمولی علامات ظاہر ہوں تو والدین خود علاج کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت احتیاط، مناسب دیکھ بھال اور حفاظتی تدابیر اختیار کرکے بچوں کو گرمی کے موسم میں صحت مند رکھا جا سکتا ہے اور متعدد جلدی بیماریوں سے مؤثر انداز میں بچاؤ ممکن ہے۔



