سرکاری دفاتر میں تاخیر، کرپشن اور ٹاؤٹ مافیا کے خلاف شہری سراپا احتجاج

جہلم: ضلع جہلم میں مختلف صوبائی محکموں کی کارکردگی پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری دفاتر میں بروقت حاضری، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز شہریوں کے تاثرات جاننے کے لیے کیے گئے ایک سروے میں شرکاء نے دعویٰ کیا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر میں قائم بیشتر صوبائی محکموں میں افسران اور ماتحت عملہ مقررہ وقت پر دفاتر نہیں پہنچتا۔ ان کے مطابق بعض ملازمین تاخیر سے دفتر آتے ہیں اور مقررہ وقت سے پہلے ہی دفاتر چھوڑ دیتے ہیں، جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سروے میں شریک شہریوں نے مزید الزام عائد کیا کہ کئی سرکاری محکموں میں رشوت ستانی عام ہو چکی ہے اور بعض ملازمین جائز کاموں کے لیے بھی شہریوں سے غیرقانونی معاوضے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں ٹاؤٹوں کی موجودگی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، جو سائلین کو ورغلا کر رشوت دینے پر آمادہ کرتے ہیں اور بعض دفاتر میں انہیں غیرضروری رسائی بھی حاصل ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد سرکاری اداروں میں افسران اور عملہ مقررہ اوقات کار کی پابندی نہیں کرتے، جبکہ کرپشن اور ٹاؤٹ مافیا کی موجودگی نے عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری دفاتر میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے کلوز سرکٹ (سی سی ٹی وی) کیمرے نصب کیے جائیں، جبکہ مقامی صحافیوں اور سماجی شخصیات پر مشتمل نگرانی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ عوامی شکایات کا مؤثر ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا کہ سرکاری محکموں میں اصلاحات نافذ کی جائیں، اوقات کار کی پابندی یقینی بنائی جائے، بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور جن افسران یا ملازمین کے خلاف کرپشن یا غفلت کے الزامات ثابت ہوں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button