آزاد کشمیر انتخابات؛ پیپلز پارٹی الزامات سے اپنی ناکامی نہیں چھپا سکتی، بلال اظہر کیانی

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات دراصل آزاد کشمیر میں اپنی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہیں۔
وزیر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں حلقہ ایل اے 42 ویلی 3 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید شوکت شاہ اور حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے امیدوار راجہ صدیق کی انتخابی مہم میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے جادہ میں قائم مرکزی عوامی رابطہ آفس، شمالی محلہ میں کارنر میٹنگ اور مشین محلہ نمبر 3 میں انتخابی دفتر کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کیا۔
بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے کارکردگی موجود ہے، جبکہ مخالفین کے پاس عوامی خدمت کا کوئی ریکارڈ نہیں، اسی لیے وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہے ہیں۔

‘ہم نفرت کی سیاست نہیں کرتے بلکہ ترقی، خدمت اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتے ہیں۔’
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہو یا آزاد کشمیر، جب بھی عوام نے شیر کے نشان پر اعتماد کیا، ملک نے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر سفر کیا۔
وزیر مملکت نے مہاجرین جموں و کشمیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی مخصوص نشستوں اور نمائندگی کے حق کا مؤثر تحفظ چاہتے ہیں تو انہیں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے شیر کے نشان پر مہر لگانی ہوگی۔

تقریب کے دوران مختلف برادریوں کے عمائدین اور مقامی شخصیات نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی موجودگی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں سید شوکت شاہ اور راجہ صدیق کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



