بروقت انصاف اور عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ضلع جہلم میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری نے کھلی کچہری میں شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او جہلم نے مختلف نوعیت کی عوامی شکایات پر متعلقہ پولیس افسران سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، معاملات کی تفصیلات معلوم کیں اور انہیں مقررہ ٹائم فریم کے اندر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف اور بہتر پولیسنگ کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے بلا جھجک ان سے ملاقات کر سکتے ہیں اور ہر درخواست کو قانون کے مطابق میرٹ پر نمٹایا جائے گا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد اور روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم کی مؤثر روک تھام، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔



