آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر ہے، چوہدری راشد گھرمالہ

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور صدر تحصیل جہلم چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی عوام کی جانب سے پارٹی قیادت پر بھرپور اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست کو ووٹ دے کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ بالخصوص جموں کی دونوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ایک تاریخی کامیابی ہے، جس کا سہرا پارٹی قیادت کے ساتھ ساتھ مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی شبانہ روز محنت کو جاتا ہے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کی انتھک کاوشوں، مؤثر انتخابی مہم اور بھرپور عوامی رابطہ مہم نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ قیادت کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران کارکنوں کو متحرک رکھنا اور گھر گھر پارٹی کا پیغام پہنچانا بھی کامیابی کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ضلع جہلم سے متعلق آزاد کشمیر کی دونوں نشستوں پر نمایاں کامیابی حاصل کی، جو پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوامی اعتماد کا نتیجہ ہے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ یہ کامیابی مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں اور قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت پر عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ بھی عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور قومی استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔



