حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی کاوش سے جہلم میں جی ٹی روڈ پر گڑھوں کی مرمت کا کام شروع

جہلم میں جی ٹی روڈ کی خستہ حالی اور سڑک پر موجود گڑھوں کے حوالے سے حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے نشاندہی اور مطالبے کے بعد این ایچ اے نے دینہ تا جہلم سیکشن پر گڑھوں کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔
حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی نے جی ٹی روڈ کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کرنے پر این ایچ اے کے جی ایم مینٹیننس عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی بروقت مرمت سے شہریوں اور مسافروں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور حادثات کے خدشات بھی کم ہوں گے۔
اس موقع پر جی ایم مینٹیننس عمران خان نے حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کو یقین دہانی کرائی کہ موٹروے پولیس اور ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے جلد سوسائٹی کے نمائندگان سے رابطہ کریں گے اور باہمی مشاورت سے ایک فریم ورک تیار کیا جائے گا، جس کے تحت جی ٹی روڈ پر ان مقامات کی نشاندہی کی جائے گی جہاں روات طرز کے پروٹیکٹڈ یوٹرنز کی ضرورت ہے۔
صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ نے کہا کہ این ایچ اے اور سوسائٹی روڈ سیفٹی کے لیے ہم قدم ہیں اور شہریوں کے محفوظ سفر کے لیے مستقبل میں بھی باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



