جہلم میں یوم دفاع بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا، میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار پر خصوصی تقریب

جہلم: یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر جہلم کی دھرتی کے عظیم سپوت اور 1971ء کی جنگ کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر) کی یادگار پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہید کی بے مثال جرأت، شجاعت اور ملکی دفاع کے لیے لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران آرمی چیف کی نمائندگی کرتے ہوئے جی او سی 6 آرمڈ ڈویژن میجر جنرل سردار محمد طارق خان نے میجر محمد اکرم شہید کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر 4 فرنٹیئر فورس (FF) کے بریگیڈیئر (ر) ظہیر اختر اور میجر اکرم شہید کے بھائی حفیظ اللہ ملک نے بھی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پروقار تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، کمانڈر 23 ڈویژن، کمانڈنٹ ملٹری کالج جہلم (MCJ)، اسٹیشن کمانڈر، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ملکی دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو قومی تاریخ کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔

میجر محمد اکرم شہید 4 اپریل 1938ء کو ضلع جہلم کے گاؤں نکاں کلاں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 13 اکتوبر 1963ء کو 4 فرنٹیئر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔ میجر محمد اکرم شہید نے 1965ء اور 1971ء کی پاک بھارت جنگوں میں غیر معمولی بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا۔

وہ 5 دسمبر 1971ء کو ہلی کے محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کی بے مثال شجاعت اور ملکی دفاع کے لیے عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

یومِ دفاع کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکاء نے میجر محمد اکرم شہید سمیت تمام شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button