خواتین کی انتخابی عمل میں شرکت کے فروغ کے لیے ووٹر آگاہی سیشن کا انعقاد

جہلم: گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر برائے خواتین، جہلم میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر ووٹر رجسٹریشن اور ووٹنگ کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیشن کا مقصد خواتین کو ووٹ کے اندراج، انتخابی فہرستوں میں اپنے نام کی تصدیق اور انتخابی عمل میں مؤثر شرکت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سیشن کی صدارت اسسٹنٹ الیکشن کمشنر جہلم محمد علی رانا نے کی۔
محمد علی رانا نے شرکاء کو ووٹ کے اندراج، انتخابی فہرستوں میں اپنے نام کی جانچ، ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار اور حقِ رائے دہی کے درست استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر خواتین شرکاء نے مختلف سوالات بھی کیے، جن کے جوابات دے کر انہیں انتخابی عمل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔
مقررین نے کہا کہ خواتین کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت جمہوری نظام کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ووٹر آگاہی سیشن کے ذریعے خواتین کو ان کے حقِ رائے دہی کی اہمیت، ووٹر کے طور پر ذمہ داریوں اور انتخابی عمل میں فعال کردار سے آگاہ کیا گیا۔
شرکاء نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ووٹر آگاہی کے لیے کی جانے والی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز خواتین کو انتخابی عمل کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے مزید آگاہی سیشنز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔



