کھیوڑہ میں اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، 27 سالہ نوجوان جاں بحق

پنڈدادنخان: کھیوڑہ میں اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 27 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں کھیوڑہ کے علاقے ڈالمیہ فیکٹری مائننگ ایریا میں جپسم سے لدی اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 27 سالہ نوجوان شدید زخمی ہو گیا اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت آصف ولد اسلم ساکن سوڈی گجر کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں نوجوان کے سر پر شدید چوٹ آئی جبکہ کھوپڑی کا کھلا فریکچر اور بائیں ٹانگ کی ٹیبیا اور فائبولا ہڈیوں میں بھی فریکچر ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقلی کے دوران بھی سی پی آر کیا، تاہم نوجوان جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو ٹیم نے جاں بحق نوجوان کو مریم نواز کلینک کھیوڑہ منتقل کیا، جہاں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ تحصیل پنڈدادنخان میں ڈالمیہ فیکٹری کے قریب پیش آیا، جہاں جپسم سے لدی ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی۔ واقعے کے بعد ضروری کارروائی عمل میں لائی گئی۔



