ہزارہ ایکسپریس ڈومیلی ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار، بوگی پٹری سے اتر گئی

دینہ/سوہاوہ: کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ڈومیلی ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جہاں ٹرین کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔
حادثے کے باعث ریلوے ٹریفک معطل ہوگئی، جبکہ متعلقہ ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹریک کی بحالی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے باعث راولپنڈی سے لاہور آنے جانے والے ٹریک پر دوطرفہ ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے، جبکہ متعدد ٹرینوں کو سوہاوہ اور جہلم ریلوے اسٹیشنز پر روک لیا گیا۔ حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی بحالی میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معمول پر آنے میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
حادثے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مختلف ٹرینوں کی روانگی و آمد متاثر ہوئی ہے۔ ریلوے حکام کی جانب سے ٹریک کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ضلع جہلم کی حدود میں ٹرین کا یہ دوسرا حادثہ ہے، جس پر مسافروں اور شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک اور دیگر حفاظتی انتظامات کا مؤثر معائنہ اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



