الفلاح فاؤنڈیشن کی میٹنگ، 19 ستمبر کو دوسری ملک گیر نیشنل کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

راولپنڈی: شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و پیٹرن اِن چیف الفلاح فاؤنڈیشن امیر عبدالقدیر اعوان کی زیرِ سرپرستی الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام گیریزن آفیسرز میس راولپنڈی میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسلام آباد، راولپنڈی، واہ کینٹ، ٹیکسلا اور جہلم سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ جات کے معروف پروفیسرز، ڈاکٹرز اور طبی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے)، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن (پی پی اے)، پاکستان ایسوسی ایشن آف فیملی فزیشنز (پی اے ایف پی)، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) اور مائنڈ آرگنائزیشن سمیت مختلف طبی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
میٹنگ کے دوران 19 ستمبر 2026ء کو مووین پک ہوٹل، سینٹورس اسلام آباد میں منعقد ہونے والی دوسری ملک گیر نیشنل کانفرنس ’’Healing the Healers‘‘ کے حوالے سے تفصیلی ایجنڈا پیش کیا گیا اور کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
منتظمین الفلاح فاؤنڈیشن کے مطابق کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد شعبہ صحت سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود، ان کے ذہنی اور عملی دباؤ میں کمی لانے اور معاشرے کی بہتری کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔ اجلاس میں شرکاء کو کانفرنس کے مختلف پہلوؤں اور مجوزہ سرگرمیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پی ایم اے، پی پی اے، پی اے ایف پی، وائی ڈی اے اور مائنڈ آرگنائزیشن کے نمائندگان نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے موجودہ حالات میں ڈاکٹرز کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اہم قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت سے وابستہ افراد مسلسل ذہنی اور عملی دباؤ میں خدمات انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح اور ذہنی سکون کے حوالے سے ایسی سرگرمیاں اہمیت رکھتی ہیں۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے منتظمین کے مطابق یہ ادارہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی فلاحی تنظیم ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں انسانیت کی بے لوث خدمت کرنا ہے۔
واضح رہے کہ دوسری ملک گیر نیشنل کانفرنس ’’Healing the Healers‘‘ 19 ستمبر 2026ء بروز ہفتہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک مووین پک ہوٹل، سینٹورس اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان بھر سے نامور ڈاکٹرز، پروفیسرز اور شعبہ صحت سے وابستہ ماہرین شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں شیخِ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و پیٹرن اِن چیف الفلاح فاؤنڈیشن امیر عبدالقدیر اعوان خصوصی خطاب فرمائیں گے۔



