بڑاگواہ یوتھ سپورٹس فیسٹیول؛ مختلف کھیلوں کے شاندار مقابلے، نوجوانوں نے صلاحیتوں کے جوہر دکھا دیے

سوہاوہ: جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلے کے تحت بڑاگواہ سپورٹس فٹنس کیمپ کے تین ماہ مکمل ہونے پر بڑاگواہ یوتھ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
فیسٹیول میں کبڈی، بگدر، فٹبال، والی بال، کرکٹ، دوڑ، آرم ریسلنگ اور رسہ کشی سمیت مختلف کھیلوں کے شاندار مقابلے منعقد ہوئے۔ فیسٹیول میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد نے مقابلوں میں شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
بڑاگواہ سپورٹس فٹنس کیمپ پہلوان راجہ احسان شیر کیانی، پہلوان عبدالرحمن کیانی، پہلوان استاد عامر جاوید کیانی، پہلوان اجمل کیانی، پہلوان عدیل کیانی اور پہلوان خرم کیانی کی زیرِ نگرانی جاری تھا، جس کے تین ماہ مکمل ہونے پر یوتھ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
فیسٹیول کے دوران انڈر 20 سپر فور کبڈی، دوڑ، آرم ریسلنگ، بگدر، کرکٹ، والی بال اور فٹبال سمیت مختلف مقابلے کرائے گئے۔ فٹبال کے سپر فور ٹورنامنٹ میں بڑاگواہ سپورٹس فٹبال کلب، ڈومیلی فٹبال کلب، ککرالہ فٹبال کلب اور فٹبال کلب رسولپور نے حصہ لیا۔
فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں فٹبال کلب رسولپور اور ڈومیلی فٹبال کلب کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، تاہم دلچسپ مقابلے کے بعد فٹبال کلب رسولپور نے فائنل اپنے نام کر لیا، جس پر کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا۔
کبڈی کا ٹورنامنٹ سوہاوہ کلب نے جیت لیا، جبکہ والی بال میں بڑاگواہ کلب فاتح رہا۔ دوڑ کے مقابلوں میں بڑاگواہ کے تینوں نوجوان پہلی پوزیشن پر رہے، جبکہ کرکٹ لیگ کا فائنل بھی بڑاگواہ کی ٹیم نے جیت لیا۔
تقریب میں راجہ علی، خان ناصر پیرا غیب، گوگا دینہ، شولے شاہ، عمر ضمیر کیانی، ماسٹر انور، صوبیدار جبار، ناصر مسعود، شہجاہ قیصر کالا گجراں سمیت دیگر اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مختلف مقابلوں کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ونر اور رنر اَپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے اور کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔ فیسٹیول کے تمام پروگرامز کی کامیابی پر کھلاڑیوں اور منتظمین نے خوشی کا اظہار کیا۔
منتظمین نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، صحت مند معاشرے کے فروغ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے ایسے مقابلوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
پہلوان راجہ احسان شیر کیانی نے فیسٹیول میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں، کھلاڑیوں، شائقین اور اہلِ علاقہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔



