نیب نے منگلا گرین ہاؤسنگ سوسائٹی، منگلا ویو ریزارٹ اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں

منگلا/ اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے عوام سے منافع کے نام پر بھاری رقوم وصول کرکے مبینہ دھوکہ دہی کے الزام میں منگلا گرین ہاؤسنگ سوسائٹی، منگلا گریژن ہاؤسنگ، منگلا ویو ریزارٹ اور دیگر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
نیب ریجنل آفس راولپنڈی/اسلام آباد کی جانب سے جاری کیے گئے پبلک نوٹس کے مطابق مبینہ دھوکہ دہی سے متاثرہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات یا کلیمز 30 دن کے اندر نیب راولپنڈی، جی-6 سوک سنٹر میلوڈی، اسلام آباد میں جمع کرائیں۔
پبلک نوٹس کے مطابق متاثرہ افراد اپنی شکایات یا کلیمز کے ساتھ متعلقہ تمام دستاویزات اور اصل بیانِ حلفی بھی جمع کرائیں۔ شکایات اور کلیمز نیب دفتر میں ذاتی طور پر جمع کرانے کے علاوہ بذریعہ ڈاک یا ای میل بھی بھجوائے جا سکتے ہیں۔
نیب کی جانب سے تمام ڈیلرز، مارکیٹنگ کمپنیوں، زمین فراہم کرنے والوں اور عوام کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ حلف ناموں یا زمیندارہ فائلز کی خرید و فروخت کے غیر قانونی عمل سے گریز کریں۔
نیب نے متعلقہ افراد اور عوام کو مزید ہدایت کی ہے کہ اپنی اصل فائلز بمعہ کلیم نیب بیورو میں جمع کرائیں تاکہ تحقیقات کے عمل میں متعلقہ ریکارڈ کو شامل کیا جا سکے۔
نیب کی جانب سے جاری پبلک نوٹس میں مذکورہ ہاؤسنگ سوسائٹیز اور دیگر کے خلاف عائد الزامات کو تحقیقات کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ افراد سے مقررہ مدت کے اندر اپنے دعوے اور متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔



