منگلا پاور سٹیشن کی بحالی، پیداواری صلاحیت 1310 میگاواٹ تک بڑھانے کا منصوبہ

منگلا/ اسلام آباد: منگلا پاور اسٹیشن کو جدید خطوط پر بحال کرنے کے منصوبے کے تحت اس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 52 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، جبکہ جدید کاری کے نتیجے میں 310 میگاواٹ اضافی پن بجلی حاصل ہوگی۔

پلاننگ کمیشن کے مطابق منگلا پاور اسٹیشن کی جدید خطوط پر بحالی کے منصوبے کو سرکاری شعبے کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے اور اس کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت موجودہ ہائیڈرو پاور انفراسٹرکچر کو جدید بناتے ہوئے پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کو اپ گریڈ اور جدید کیا جائے گا۔

منصوبے کی مجموعی لاگت 52 ارب 22 کروڑ 24 لاکھ 30 ہزار 70 روپے بتائی گئی ہے، جس کے ذریعے منگلا پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کی استعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ جدید کاری کے بعد پاور اسٹیشن سے اضافی 310 میگاواٹ بجلی حاصل ہونے کی توقع ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی زیادہ قابلِ اعتماد اور ماحول دوست پیداوار ممکن ہونے کے ساتھ ساتھ پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کی عملی عمر میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس اقدام سے مہنگی تھرمل بجلی پر انحصار کم کرنے اور ملک کی توانائی کی ضروریات کو زیادہ مؤثر انداز میں پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

منگلا پاور اسٹیشن کئی دہائیوں سے پاکستان کے توانائی کے نظام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کی جدید کاری کے ذریعے پہلے سے موجود قومی توانائی کے اس اہم اثاثے سے مزید بہتر انداز میں استفادہ کیا جا سکے گا اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کی پیداواری استعداد میں اضافہ ہوگا۔

پلاننگ کمیشن کے مطابق منگلا پاور اسٹیشن کی بحالی اور جدید کاری کا یہ منصوبہ اڑان پاکستان کے ’’سستی اور مؤثر توانائی‘‘ کے ستون سے ہم آہنگ ہے۔ منصوبے کو توانائی کے تحفظ، صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار میں اضافے اور موجودہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button