ایف بی آر مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز سیل کرنے کا فیصلہ

جہلم: ایف بی آر نے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایسے کاروبار سیل کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پروڈکشن ایکسیز مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم نصب کرنا متعلقہ کاروباری افراد کے لیے لازم ہوگا۔ ایف بی آر کے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار اس کارروائی کے دائرے میں آئیں گے۔

ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق ضرورت پڑنے پر کاروباری مرکز سیل کرنے کے لیے پولیس کی مدد بھی حاصل کی جا سکے گی۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی شروع کر سکیں گے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر کو ارسال کرے گا۔

نوٹیفکیشن کے تحت کمشنر انکوائری کے بعد اپنی رپورٹ چیف کمشنر کو بھجوائے گا، جس کے بعد چیف کمشنر کاروباری مرکز سیل کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے تحریری حکم جاری کرے گا۔ کاروباری مقام کا مکمل حصہ یا صرف مخصوص حصہ بھی سیل کیا جا سکے گا، تاہم سیل کرنے سے قبل کاروباری شخص کو حکم نامے کی نقل فراہم کرنا لازم ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق سیل شدہ کاروبار کو دوبارہ کھلوانے کے لیے مقررہ جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ مانیٹرنگ سسٹم بھی نصب کرنا ہوگا۔ سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ مانیٹرنگ سسٹم نصب ہونے کے بعد متعلقہ کمشنر تین روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے قواعد کا دائرہ کار مستقبل میں مزید کاروباری مراکز اور مینوفیکچررز تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button