جہلم کا کل بجٹ شاہی قلعے کی بحالی کے منصوبے سے بھی کم ہے، بڑے شہروں کا وسائل پر قبضہ ختم ہونا چاہیے: فواد چوہدری

جہلم: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع جہلم کا کل بجٹ صرف لاہور کے شاہی قلعے کو پرکشش بنانے کے منصوبے سے کم ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبے بنانے کا مطالبہ عوامی قبولیت حاصل کر رہا ہے تاکہ بڑے شہروں کا وسائل پر قبضہ ختم ہو اور دیگر علاقوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ ترقیاتی وسائل اور انتظامی توجہ بڑے شہروں تک محدود رہنے کے بجائے دیگر علاقوں تک بھی پہنچنی چاہیے۔

فواد چوہدری کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لاہور قلعہ اور اس سے ملحقہ بفر زون کی بحالی کے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 7 ارب 73 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد مقرر کی گئی ہے، جبکہ ابتدائی طور پر ایک ارب 94 کروڑ 10 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔ منصوبے میں لاہور قلعہ اور اس کے گردونواح کے تاریخی و شہری ماحول کی بحالی، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سیاحتی سہولیات میں بہتری کے اقدامات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ صحافی محمد ذیشان اعوان نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں لاہور قلعہ اور اس کے گردونواح کے ماحول کی بحالی اور اسے ملکی و غیرملکی سیاحوں کے لیے مزید پُرکشش بنانے کے منصوبے کی لاگت 7 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد بتائی تھی۔

فواد چوہدری کے مطابق وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے ذریعے بڑے شہروں کے ساتھ دیگر علاقوں کی ترقی پر بھی توجہ دی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے مطالبے کی ایک بڑی وجہ یہی احساس ہے کہ مختلف علاقوں کو ان کی آبادی، ضروریات اور وسائل کے مطابق ترقی کے مواقع ملنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button