جہلم اور دینہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 2100 لیٹر ناقص و ملاوٹی دودھ تلف

جہلم اور دینہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ناقص و ملاوٹی دودھ برآمد کر کے تلف کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کی ہدایات پر جہلم اور دینہ میں ناقص و ملاوٹی دودھ کے خلاف علی الصبح کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 2,100 لیٹر ناقص اور پانی ملا دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ ناقص دودھ سپلائی کرنے پر دو دودھ بردار گاڑیوں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ اتھارٹی جہلم کی ٹیموں نے مین جی ٹی روڈ جہلم اور دینہ میں ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران دو دودھ بردار گاڑیوں میں موجود مجموعی طور پر 11 ہزار لیٹر دودھ کو چیک کیا گیا، جس میں سے 2,100 لیٹر دودھ ناقص اور پانی کی ملاوٹ کے باعث انسانی صحت کے لیے غیر معیاری قرار پانے پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ دودھ منڈی بہاؤالدین سے جہلم، دینہ اور راولپنڈی سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناقص دودھ کی سپلائی کو روک دیا، جس کے باعث شہریوں کو غیر معیاری دودھ کے استعمال سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص دودھ سپلائی کرنے پر دونوں دودھ بردار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملاوٹ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر انہیں ناقص یا ملاوٹی خوراک سے متعلق کسی قسم کی شکایت ہو تو پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button